مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والا جے یو آئی ف کا آزادی مارچ گزشتہ شب لاہور پہنچا جہاں شرکاء نے رات مینار پاکستان کے سبزہ زار میں گزاری جب کہ مولانا فضل الرحمان نے وحدت روڈ پر قیام کیا۔
آزادی مارچ کے شرکاء نے مینار پاکستان کے سبزہ زار میں بریانی، نان چنے اور چائے سے ناشتہ کیا جس کے بعد قافلہ گجرانوالہ کے لیے روانہ ہوا۔
آزادی مارچ کے شرکاء کل اسلام آباد پہنچیں گے جس کے باعث وفاقی دارالحکومت کے نجی اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رات گئے لاہور پہنچنے پر مولانا فضل الرحمان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ لاہور شہر میں کئی مقامات پر شرکاء کے لیے استقبالی کیمپ لگائے گئے تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے چوک یتیم خانہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی مہلت ہے کہ عمران خان استعفیٰ دے اور بھیانک انجام سے بچیں، کراچی سے اسلام آباد تک قوم یکسو ہے کہ عمران خان استعفیٰ دے ،عمران خان کے پاس اب بھی مہلت ہے کہ عزت کے ساتھ استعفیٰ دے،اب قوم عمران خان کو مزید مہلت نہیں دے گی،عمران خان نے معیشت تباہ کردی۔
یاد رہے کہ معاہدے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) ایچ 9 کے اتوار بازار کے قریب گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی اور حکومت کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گی
Comments are closed.